جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شگفتہ جبین کی زیرِ صدارت ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے دوران اشیاء خوردونوش کی سستے داموں فراہمی اور قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے جامع حکمت عملی طے کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر جہلم کی جانب سے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ رمضان کی آمد سے قبل مارکیٹوں کی سخت مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کے ویژن کے مطابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا حکم دیا۔
اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ رمضان بازاروں اور اوپن مارکیٹ میں معیاری اشیاء کی وافر مقدار میں موجودگی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ تمام مجسٹریٹس کو فیلڈ میں متحرک رہنے اور روزانہ کی بنیاد پر کارروائیوں کی رپورٹ پیش کرنے کی تاکید کی گئی ہے تاکہ عام آدمی کو حقیقی ریلیف مل سکے۔
آخر میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شگفتہ جبین نے زور دیا کہ تمام دکاندار اپنی دکانوں پر سرکاری نرخ نامے نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں، بصورتِ دیگر بھاری جرمانے اور گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔
انہوں نے اعادہ کیا کہ ڈپٹی کمشنر جہلم کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ عوام کو سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔
