جہلم: ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال جہلم میں پارکنگ کنٹریکٹر کو زائد کرایہ وصول کرنے پر جرمانہ عائد کیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر جہلم کی کارروائی میں اضافی پارکنگ فیس وصول کرنے پر کنٹریکٹر سلمان شبیر کو 10 ہزار روپے کا جرمانہ کیا گیا۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے دورے کے دوران شہری نے شکایت کی کہ کنٹریکٹر اضافی فیس وصول کر رہا ہے۔ اس سنگین خلاف ورزی پر فوری ایکشن لیتے ہوئے کنٹریکٹر کے خلاف جرمانہ عائد کیا گیا۔
ایم ایس نے بتایا کہ یہ پہلی بار نہیں ہوا، اس سے قبل بھی کنٹریکٹر کو زبانی وارننگ دی گئی تھی، مگر وہ باز نہ آیا۔ نوٹس میں سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ جرمانہ فوری طور پر جمع کروایا جائے ورنہ سی ڈی آر سے کاٹ لیا جائے گا۔
شہریوں نے اس کارروائی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے عناصر کے خلاف مزید سخت اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔ پارکنگ فیس کے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے یہ ایک واضح وارننگ ہے۔
