دینہ کی مصروف ترین منگلا روڈ خستہ حالی کا شکار، حادثات میں اضافہ، شہری سراپا احتجاج

35
دینہ شہر کی مصروف ترین اور اہم شاہراہ منگلا روڈ عرصۂ دراز سے شدید ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، جس کے باعث روزانہ موٹرسائیکل سوار گر کر زخمی ہو رہے ہیں جبکہ قیمتی گاڑیاں بھی شدید متاثر ہو رہی ہیں۔ خستہ حال سڑک کے باعث راہگیروں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ کی منگلا روڈ شہر کی واحد بڑی اور مصروف شاہراہ ہے، جس سے روزانہ ہزاروں گاڑیوں کا گزر ہوتا ہے۔ شہر کی بڑی آبادی اسی سڑک کے اطراف واقع ہے، تاہم کئی سال گزرنے کے باوجود سڑک کی مرمت یا ازسرِ نو تعمیر کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ جگہ جگہ گڑھوں اور ٹوٹے ہوئے حصوں کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے اور آئے روز حادثات پیش آ رہے ہیں، جن میں متعدد موٹرسائیکل سوار زخمی ہو چکے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ منگلا روڈ پر سفر کرنا انتہائی دشوار ہو چکا ہے، قیمتی گاڑیاں خراب ہو رہی ہیں جبکہ پیدل چلنے والے بھی محفوظ نہیں رہے۔ صورتحال سے تنگ آ کر شہریوں نے شدید احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ منگلا روڈ کو فوری طور پر نئے سرے سے تعمیر کیا جائے۔
شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اور محکمہ ہائی وے سے مطالبہ کیا ہے کہ اس اہم شاہراہ کی خستہ حالی کا فوری نوٹس لیا جائے اور منگلا روڈ دینہ کو جلد از جلد ازسرِ نو تعمیر کیا جائے، تاکہ شہریوں کو محفوظ اور سہل سفری سہولت میسر آ سکے۔



