ساؤنڈ ایکٹ کی خلاف ورزی اور امن عامہ میں خلل ڈالنے والے 2 ملزمان گرفتار

دینہ میں پولیس نے شادی کی تقریب کے دوران ساؤنڈ ایکٹ کی خلاف ورزی اور امن عامہ میں خلل ڈالنے پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں ایس ایچ او تھانہ منگلا کینٹ اور ان کی ٹیم نے اطلاع ملنے پر کارروائی کی، جہاں شادی کی تقریب میں غیر قانونی طور پر بلند آواز میں میوزک چلایا جا رہا تھا اور ڈانس پارٹی کے ذریعے علاقہ مکینوں کے سکون میں خلل ڈالا جا رہا تھا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو قابو میں لیا اور قانون کی خلاف ورزی پر ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف تھانہ منگلا کینٹ میں ساؤنڈ ایکٹ اور امنِ عامہ میں خلل ڈالنے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
اس موقع پر طارق عزیز سندھو نے کہا کہ شہریوں کے سکون اور امن و امان کو خراب کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائیاں جاری رہیں گی، اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ قانون کی پاسداری کریں تاکہ معاشرے میں نظم و ضبط اور پرامن ماحول کو برقرار رکھا جا سکے۔



