دینہ میں نامعلوم چور بڑی مہارت کے ساتھ بجلی کا مین ٹرانسفارمر 200KV مالیت سوا آٹھ لاکھ روپے چوری کر کے لے گئے ، علاقہ اندھیرے میں ڈوب گیا، اہل علاقہ لوڈ شیڈنگ سمجھتے رہے جب صبح دیکھا تو ٹرانسفارمر پول سے غائب تھا۔
تفصیلات کے مطابق دینہ میں چوری کی ایک اور دلیرانہ واردات سامنے آگئی، جہاں نامعلوم چور بڑی مہارت کے ساتھ 200KV بجلی کا مین ٹرانسفارمر، جس کی مالیت تقریباً 8 لاکھ 25 ہزار روپے بتائی جا رہی ہے، پول سے اتار کر لے اُڑے۔ چوری کی یہ واردات دینہ کے علاقے چونگی نمبر 5، قائداعظم ٹاؤن میں علی الصبح تقریباً 3 بجے کے قریب پیش آئی، جس کے بعد پورا علاقہ اندھیرے میں ڈوب گیا۔
ابتدائی طور پر علاقہ مکینوں نے اسے معمول کی لوڈشیڈنگ سمجھا، تاہم جب صبح کے وقت بجلی بحال نہ ہوئی تو معلوم ہوا کہ ٹرانسفارمر ہی غائب ہے۔ مقامی افراد نے فوری طور پر واپڈا اور پولیس کو اطلاع دی، مگر تاحال چوروں کا کوئی سراغ نہیں لگایا جا سکا۔ یہ واردات علاقے میں ٹرانسفارمر چوری کی مسلسل ہونے والی وارداتوں کی ایک کڑی ہے۔
ذرائع کے مطابق دینہ اور اس کے گردونواح میں متعدد ٹرانسفارمرز چوری ہو چکے ہیں، لیکن اب تک نہ تو چور گرفتار ہو سکے ہیں اور نہ ہی کوئی چوری شدہ سامان برآمد ہو پایا ہے، جس سے نہ صرف عوام کو پریشانی کا سامنا ہے بلکہ حکومتی خزانے کو بھی لاکھوں روپے کا نقصان ہو چکا ہے۔
اہلِ علاقہ نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کی چوریاں عام افراد کے بس کی بات نہیں، یہ کسی منظم گروہ کا کام معلوم ہوتا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ان وارداتوں کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کی جائیں، اور ذمہ داروں کو گرفتار کر کے چوری شدہ سامان برآمد کرایا جائے۔
مکینوں کا کہنا ہے کہ بار بار شکایات کے باوجود سیکیورٹی کے مؤثر اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے عوام خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ اداروں سے اپیل کی ہے کہ اس خطرناک سلسلے کو روکا جائے اور عوام کو بنیادی سہولت یعنی بجلی کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جائے۔
