بڑی عید کے قریب آتے ہی پنجاب حکومت نے اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ کردیا

جہلم: بڑی عید کے قریب آتے ہی پنجاب حکومت نے اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ کردیا، رہی سہی کسر دکانداروں نے نکال دی، پیاز، آلو، ٹماٹر سمیت دیگر سبزیاں مہنگی ہو گئیں۔
قیمت ایپ پنجاب کے مطابق پیاز کا سرکاری نرخ 122 روپے فی کلو تک پہنچ گیا،بازاروں میں درجہ اول پیاز 150 روپے کلو فروخت ہوتارہا، ٹماٹر کا سرکاری نرخ 50 روپے فی کلو مقرر جبکہ بازاروں میں ٹماٹر 100 روپے کلو فروخت ہو تارہا۔
اسی طرح آلو کا سرکاری نرخ 80 روپے فی کلو مقررجبکہ دکاندار120 روپے فی کلو فروخت کرتے رہے ، لہسن چائنہ کا سرکاری نرخ 410 ہے جبکہ دکاندار 500 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کرتے رہے ، ادرک تھائی کا سرکاری نرخ 650 جبکہ دکاندار 700 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کرتے رہے۔
علاوہ ازیں بند گوبھی کا سرکاری نرخ 40 روپے کی بجائے 60 روپے ، پھول گوبھی 75 روپے کی بجائے 100 روپے ،لیموں 330 روپے کی بجائے 500 روپے ،ٹینڈا 60 روپے کی بجائے 100 روپے ، مٹر 210 کی بجائے اڑھائی سو روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کرتے رہے۔
برائلر گوشت کا سرکاری نرخ 511 روپے فی کلو ہونے کے باوجود مرغی فروش 550 روپے فی کلو تک فروخت کرتے رہے جبکہ فارمی انڈے245 روپے فی درجن کی بجائے اڑھائی سو روپے فروخت کرتے رہے ۔



