0
سوہاوہ/ ڈومیلی: اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ محمد افضال نے محلہ نوری مسجد ڈومیلی کے باہر گندگی کے ڈھیروں اور خراب سیوریج نظام پر فوری نوٹس لیتے ہوئے صفائی ستھرائی کے احکامات جاری کیے۔
ڈومیلی کے محلہ نوری مسجد کی گلیوں اور نالیوں میں گندگی اور سیوریج کی خرابی کے باعث اہلِ علاقہ کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ جیسے ہی اس صورتحال کی خبر سامنے آئی تو اسسٹنٹ کمشنر نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بلدیہ کے اہلکاروں کو صفائی اور سیوریج کے نظام کی بحالی کا حکم دیا۔
بلدیہ کے عملے نے فوری طور پر گلیوں سے کوڑا کرکٹ کے ڈھیر اٹھائے اور نالیوں کی صفائی کرکے سیوریج کے نظام کو بحال کر دیا۔
اہلِ محلہ نے اسسٹنٹ کمشنر کی بروقت کارروائی پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اگر صفائی کا کام نہ ہوتا تو علاقے میں بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ تھا۔ انتظامیہ کی اس تیز رفتار کارروائی سے علاقے کے مسائل حل ہوئے اور ماحول صاف و شفاف بنا دیا گیا۔
