اپنی چھت ہر شہری کا حق، وعدے نہیں عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں۔ بلال اظہر کیانی

جہلم: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے فلیگ شپ پروگرام "اپنی زمین اپنا گھر” کے تحت ضلع جہلم میں مستحق شہریوں کو مفت رہائشی پلاٹوں کی فراہمی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے ایک پروقار تقریب کے دوران 400 سے زائد مستحق خاندانوں میں الاٹمنٹ لیٹرز تقسیم کیے، جبکہ مجموعی طور پر ضلع بھر میں 600 سے زائد شہریوں کو تین مرلہ رہائشی پلاٹوں کے الاٹمنٹ لیٹر جاری کیے جا چکے ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف عوام کو اپنی ذاتی چھت فراہم کرنے کا وعدہ عملی طور پر پورا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائد محمد نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عوام سے کیے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنایا ہے اور یہی جماعت کی پہچان ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر انسان کا خواب ہوتا ہے کہ اس کی اپنی چھت ہو، اور الحمدللہ حکومت نے اس خواب کو حقیقت میں بدلنے کی جانب ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نہ صرف ہزاروں خاندانوں کو مفت پلاٹ فراہم کر چکی ہیں بلکہ گھروں کی تعمیر کے لیے آسان اور بلا سود قرضوں کی سہولت بھی مہیا کی جا رہی ہے۔
بلال اظہر کیانی نے بتایا کہ ضلع جہلم میں آن لائن پورٹل کے ذریعے مجموعی طور پر 5 ہزار 942 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے نادرا کی تصدیق کے بعد 4 ہزار 303 درخواست گزار اہل قرار پائے۔ بعد ازاں محکمہ مال کی جانچ پڑتال اور شفاف کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے 730 درخواست گزاروں کو کامیاب قرار دیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ بزرگ شہریوں، خواتین، خصوصی افراد اور دیگر مستحق خاندانوں سمیت ضلع جہلم کے 600 سے زائد شہریوں کو الاٹمنٹ لیٹرز فراہم کیے جا چکے ہیں، جبکہ باقی مستحقین کو بھی مرحلہ وار یہ سہولت فراہم کی جائے گی۔
وزیر مملکت نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی سکیم کے تحت پلاٹ حاصل کرنے والے خاندان بینک آف پنجاب سے گھروں کی تعمیر کے لیے 15 لاکھ روپے تک کا بلا سود قرض بھی حاصل کر سکیں گے، تاکہ وہ جلد از جلد اپنے ذاتی مکانات تعمیر کر سکیں۔
تقریب کے اختتام پر الاٹمنٹ لیٹرز حاصل کرنے والے مستحق شہریوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور اس منصوبے کو کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے ایک تاریخی اور عوام دوست اقدام قرار دیا۔
بعد ازاں وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے تاریخی لاجپت رائے لائبریری کی جدید خطوط پر اپ گریڈیشن مکمل ہونے کے بعد اس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن سمیت شہر کی ممتاز سماجی، ادبی، تعلیمی اور عوامی شخصیات نے شرکت کی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ لائبریری کو عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق جدید سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے، جہاں طلبہ، محققین اور عام قارئین کے لیے بہتر، آرام دہ اور معیاری علمی ماحول فراہم کیا گیا ہے۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ نوجوان نسل میں مطالعے کے فروغ، علمی سرگرمیوں کے استحکام اور تعلیمی ترقی کے لیے جدید لائبریریوں کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تعلیم اور علم دوست معاشرے کے قیام کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ نوجوانوں کو بہتر تعلیمی مواقع میسر آ سکیں۔
تقریب کے شرکاء کو بتایا گیا کہ اپ گریڈیشن کے دوران لائبریری میں جدید فرنیچر، بہتر مطالعہ گاہ، آرام دہ نشستوں اور ڈیجیٹل دور کے تقاضوں کے مطابق بنیادی سہولیات فراہم کی گئی ہیں تاکہ طلبہ اور محققین کو ایک معیاری علمی ماحول میسر آ سکے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اور دیگر مقررین نے لائبریری کی اپ گریڈیشن کو ضلع جہلم کی تعلیمی و ثقافتی ترقی کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کی کاوشوں کو سراہا۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ جدید سہولیات سے آراستہ لاجپت رائے لائبریری نوجوان نسل میں کتاب بینی، تحقیق اور مطالعے کے رجحان کو فروغ دینے میں مؤثر کردار ادا کرے گی اور ضلع جہلم کے طلبہ و طالبات اور محققین کے لیے ایک اہم علمی مرکز ثابت ہوگی۔



