پنجاب میں نئے تعلیمی سال کا آغاز، مفت کتابوں کی تقسیم اور نئے اوقات کار کا اعلان

جہلم: حکومت پنجاب نے جہلم سمیت صوبہ بھر کے سرکاری اسکولوں میں نئے تعلیمی سال کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، جبکہ طلبہ کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
رواں تعلیمی سال کے دوران طلبہ میں تقریباً 3 کروڑ مفت درسی کتابیں تقسیم کی جائیں گی۔ پہلی سے تیسری جماعت تک کے بچوں کو سو فیصد مفت کتابیں فراہم کی جائیں گی جبکہ چوتھی اور پانچویں جماعت کے طلبہ کو 80 فیصد اور چھٹی سے نہم جماعت کے طلبہ کو 50 فیصد مفت کتابیں دی جائیں گی۔
دہم جماعت کے طلبہ کو بھی سو فیصد مفت کتابیں فراہم کی جائیں گی جبکہ باقی طلبہ کو بک بینک کے ذریعے کتابیں مہیا کی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق موسم گرما کی چھٹیاں دو ماہ تک کیے جانے کا امکان ہے جبکہ موسم سرما کی تعطیلات جنوری میں ہونے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن نے تعلیمی اداروں کے نئے اوقات کار کا بھی نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ جس کے تحت پہلی شفٹ کے اسکول صبح 8 بجے سے دوپہر ڈیڑھ بجے تک جبکہ دوسری شفٹ کے اسکول دوپہر 1 بجے سے شام ساڑھے 5 بجے تک کھلے رہیں گے۔
مزید برآں کالجز اور یونیورسٹیز میں ہفتہ وار تعطیلات بڑھاتے ہوئے جمعہ اور ہفتہ کو ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ آن لائن کلاسز جاری رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے تاکہ تعلیمی سلسلہ متاثر نہ ہو۔
حکام کے مطابق سرکاری اسکولوں کے بجلی کے کمرشل ٹیرف میں کمی پر بھی غور کیا جا رہا ہے تاکہ تعلیمی اداروں کے اخراجات کم کیے جا سکیں اور انہیں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔



