نگہبان رمضان کارڈ کی رقم میں کٹوتی کرنے والا ملزم گرفتار

پنڈدادنخان میں نگہبان رمضان کارڈ کی ادائیگی کے دوران دھوکہ دہی سے رقم میں کٹوتی کرنے والا ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں ایس ایچ او تھانہ پنڈ دادنخان اور ٹیم نے اہم کارروائی کرتے ہوئے نگہبان رمضان کارڈ کی ادائیگی کے دوران دھوکہ دہی سے رقم میں کٹوتی کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ملزم سے مستحقین سے دھوکے سے ہتھیائی گئی 2000 روپے رقم بھی برآمد کر لی گئی۔
پولیس کے مطابق ملزم وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے جاری کردہ نگہبان رمضان کارڈ کے تحت ملنے والی امدادی رقم کی ادائیگی کے دوران مختلف حیلے بہانوں سے مستحق افراد کی رقم میں سے حصہ وصول کر لیتا تھا اور مکمل رقم ادا نہیں کرتا تھا۔
اس حوالے سے ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا ہے کہ سرکاری امدادی سکیموں میں بدعنوانی اور مستحقین کے استحصال کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جہلم پولیس عوام کے حقوق کے تحفظ اور قانون کی بالادستی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے اور ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔



