پنڈدادنخان: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے سیلاب زدگان کی مدد کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے کانسٹیبل علی حیدر کے گھر کا دورہ کیا اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کرتے ہوئے خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو، اسسٹنٹ کمشنر پنڈ دادنخان نادیہ پروین اور ایم این اے چوہدری فرخ الطاف کے صاحبزادے عمار فرح بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے کہا کہ شہید کانسٹیبل علی حیدر نے اپنی جان قربان کر کے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کا جو عظیم کارنامہ انجام دیا وہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اور حکومت پنجاب شہید کے اہل خانہ کی مکمل کفالت یقینی بنائے گی۔
اس موقع پر حکومت پنجاب کی جانب سے شہید کانسٹیبل کے اہل خانہ کو 10 لاکھ روپے کا اعزازی چیک پیش کیا گیا اور شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ذاتی طور پر کانسٹیبل حیدر علی حسین کی جرأت، بہادری اور خدمت خلق کے جذبے کو سراہا ہے، اور ان کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے بھی شہید کے اہل خانہ سے ملاقات کرتے ہوئے اظہارِ تعزیت کیا اور کہا کہ پنجاب پولیس اپنے شہداء کے ورثاء کے ساتھ ہمیشہ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ شہید کے اہل خانہ کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔
ڈی پی او جہلم نے کہا کہ کانسٹیبل حیدر علی حسین جیسے جرأت مند، فرض شناس اور ایثار پیشہ جوان قوم کا فخر ہیں، جن کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ پنجاب پولیس شہداء کے مشن کو جاری رکھے گی اور ان کے مشن کو عزت و احترام سے آگے بڑھائے گی۔
