دینہ میں ریلوے پل کے قریب 3 سالہ بچہ ٹرین کی زد میں آکر جاں بحق

دینہ میں ریلوے پل کے قریب 3 سالہ بچہ ٹرین کی زد میں آکر جاں بحق ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں ریلوے پل کے مقام پر افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں 3 سالہ بچہ کھیلتے ہوئے ٹرین کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گیا۔ جاں بحق ہونے والا بچہ دیگر بچوں کے ساتھ کھیلتے ہوئے ریلوے لائن کے قریب جا پہنچا۔
محمد بلال ولد عمران سکنہ غازی ٹاؤن ریلوے لائن عبور کرنے کی کوشش کر رہا تھا کہ اسی دوران کراچی سے حویلیاں جانے والی ٹرین آ گئی، جو بچے کو روندتی ہوئی گزر گئی۔ حادثہ اتنا اچانک پیش آیا کہ کسی کو بچانے کا موقع نہ ملا۔ محمد بلال کا خاندان ریلوے لائن کے ساتھ موجود جھگیوں میں مقیم تھا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی بچے کے والدین موقع پر پہنچ گئے اور اپنے معصوم بچے کی لاش دیکھ کر غم سے نڈھال ہو گئے۔ علاقہ مکینوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ریلوے لائن کے قریب حفاظتی اقدامات کیے جائیں تاکہ آئندہ ایسے المناک واقعات سے بچا جا سکے۔



