سوہاوہ: نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس بیٹ 6 سوہاوہ کی جانب سے شہریوں کی قیمتی جانوں کے تحفظ اور موٹر سائیکل سواروں میں ہیلمٹ کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے ترکی ٹول پلازہ پر ’’چالان نہیں، ہیلمٹ‘‘ کے عنوان سے خصوصی روڈ سیفٹی آگاہی مہم کا انعقاد کیا گیا۔ اس مہم کا مقصد جرمانوں کے بجائے آگاہی اور عملی اقدامات کے ذریعے شہریوں میں ٹریفک قوانین کی پابندی اور محفوظ سفر کا شعور اجاگر کرنا تھا۔
یہ مہم سیکٹر کمانڈر نارتھ ٹو جہلم ایس پی زاہد نذیر وریاہ (PSP) اور ڈی ایس پی بیٹ 6 سوہاوہ عبداللطیف کی زیر نگرانی منعقد ہوئی، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ اور ایس ڈی پی او سوہاوہ نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔
مہم کے دوران ترکی ٹول پلازہ پر روڈ سیفٹی آگاہی اسٹال قائم کیا گیا اور شہریوں کی رہنمائی کے لیے آگاہی بینرز آویزاں کیے گئے۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے روایتی چالان کے بجائے ایک منفرد اقدام کرتے ہوئے بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والے شہریوں کو جرمانہ کرنے کے بجائے مفت حفاظتی ہیلمٹ فراہم کیے اور انہیں ہیلمٹ کے لازمی استعمال، ٹریفک قوانین کی پابندی اور دورانِ سفر احتیاطی تدابیر کے حوالے سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر موٹر سائیکل سواروں میں سائیڈ ویو مررز بھی تقسیم کیے گئے، تاکہ سڑک پر سفر کے دوران پیچھے سے آنے والی گاڑیوں اور دیگر ٹریفک کو دیکھنے میں آسانی ہو اور حادثات کے خطرات کم کرنے میں مدد مل سکے۔
روڈ سیفٹی آگاہی مہم کے دوران موٹر سائیکل سواروں کو ڈرائیور اور پیچھے بیٹھنے والے مسافر، دونوں کے لیے ہیلمٹ کے استعمال کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔ شہریوں کو سائیڈ ویو مررز کے درست استعمال، لین ڈسپلن برقرار رکھنے، مقررہ رفتار کی پابندی اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
موٹروے پولیس کے اہلکاروں نے موٹر سائیکل سواروں کو ون ویلنگ، ریسنگ، اوور اسپیڈنگ اور غیر محتاط ڈرائیونگ سے اجتناب کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی نہ صرف اپنی بلکہ دوسرے شہریوں کی جانوں کے تحفظ کے لیے بھی ضروری ہے۔ معمولی سی لاپروائی سنگین حادثات کا سبب بن سکتی ہے، اس لیے دورانِ سفر حفاظتی اقدامات کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔
مہم کے دوران شہریوں میں روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی پمفلٹس بھی تقسیم کیے گئے، جبکہ موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن 130 کے بارے میں بھی آگاہی فراہم کی گئی، تاکہ شہری ضرورت پڑنے پر متعلقہ حکام سے رابطہ کر سکیں اور سڑک پر پیش آنے والی صورتِ حال کے بارے میں اطلاع دے سکیں۔
حکام کے مطابق ’’چالان نہیں، ہیلمٹ‘‘ مہم کا بنیادی مقصد محض جرمانے عائد کرنے کے بجائے شہریوں کو عملی طور پر محفوظ سفر کی ترغیب دینا، ہیلمٹ کے استعمال کو فروغ دینا اور قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
شہریوں نے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے اس منفرد اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ مفت حفاظتی ہیلمٹ کی فراہمی اور آگاہی پر مبنی اقدامات موٹر سائیکل سواروں میں ٹریفک قوانین کی پابندی کا شعور اجاگر کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔
