پٹرول مہنگا؛ جہلم میں چنگ چی کرایوں میں 40 فیصد اضافہ، شہری پریشان

جہلم: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے اثرات نچلی سطح کی ٹرانسپورٹ پر بھی نمایاں ہونے لگے ہیں، جہاں چنگ چی رکشہ ڈرائیورز نے کرایوں میں 40 فیصد سے زائد اضافہ کر دیا ہے، جس سے شہریوں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
پٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد ٹرانسپورٹرز کے ساتھ ساتھ چنگ چی رکشہ ڈرائیورز نے بھی کرایوں میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے، جس کے باعث روزمرہ سفر مہنگا ہو گیا ہے۔
چنگ چی ڈرائیورز کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران پٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث پرانے کرایوں پر گزارا ممکن نہیں رہا، اس لیے مجبورا کرایوں میں اضافہ کرنا پڑا۔ ان کے مطابق ایندھن، گاڑیوں کی مرمت اور دیگر اخراجات میں اضافے نے آمدن اور خرچ کا توازن بگاڑ دیا ہے۔
ڈرائیورز نے یہ بھی بتایا کہ کرایوں میں اضافے کے بعد اکثر مسافروں کے ساتھ تلخ کلامی اور جھگڑوں کے واقعات بھی سامنے آ رہے ہیں۔
دوسری جانب شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے ہی مہنگائی نے زندگی مشکل بنا رکھی ہے اور اب ٹرانسپورٹ کے بڑھتے ہوئے کرایوں نے عام آدمی کے مسائل میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔



