پنجاب میں تعلیمی اداروں کی سکیورٹی سخت، نیا نظام متعارف

جہلم سمیت پنجاب بھر میں تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اہم فیصلے کر لیے گئے ہیں، جن کے تحت اساتذہ کو جدید سیف سٹی سسٹم سے منسلک کیا جائے گا۔
اساتذہ کے موبائل فونز میں پینک بٹن کی سہولت فراہم کی جائے گی، جس کے ذریعے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر متعلقہ اداروں کو اطلاع دی جا سکے گی اور بروقت مدد ممکن ہو سکے گی۔
ذرائع کے مطابق پولیس، سیف سٹی اور ہوم ڈیپارٹمنٹ نے مشترکہ سیکیورٹی پلان پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت پنجاب بھر میں ایک لاکھ 82 ہزار سے زائد اساتذہ پینک بٹن سہولت سے مستفید ہوں گے جبکہ مجموعی طور پر 3 لاکھ سے زائد اساتذہ کو سیف سٹی نیٹ ورک سے منسلک کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ چند ماہ کے دوران تمام اساتذہ کو اس جدید سیکیورٹی سسٹم کا حصہ بنا دیا جائے گا، جس سے تعلیمی اداروں میں سیکیورٹی مزید بہتر اور محفوظ ماحول کو یقینی بنایا جا سکے گا۔



