جہلم میں بدنام زمانہ آئس فروش گرفتار، آئس اور 14 موبائل فون برآمد

جہلم پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک بدنام زمانہ آئس فروش کو گرفتار کر لیا، جس کے قبضے سے بھاری مقدار میں آئس (آئس ڈرگ) اور متعدد موبائل فون برآمد کر لیے گئے۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری کی ہدایات پر ایس ایچ او تھانہ صدر اور ان کی ٹیم نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے ایک کلو 140 گرام آئس اور 14 عدد موبائل فون برآمد کر کے قبضے میں لے لیے۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ملزم آئس خریدنے والے افراد سے رقم نہ ہونے کی صورت میں ادائیگی کے طور پر موبائل فون وصول کرتا تھا۔ برآمد ہونے والے تمام موبائل فونز کی ملکیت، ریکارڈ اور دیگر قانونی پہلوؤں کی جانچ پڑتال جاری ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزم کے خلاف قانون کے مطابق مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ اسے ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں چالان پیش کیا جائے گا تاکہ قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ ضلع بھر میں منشیات فروشوں اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی بھرپور انداز میں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات جیسی لعنت سے محفوظ رکھنے اور امن و امان کے قیام کے لیے جہلم پولیس ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔



