جہلم میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی ائیرکولرز کی مانگ میں اضافہ

جہلم: گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی ائیرکولرز کی مانگ میں اضافہ ہو گیا۔ دکانداروں نے بھی منہ مانگے دام وصول کرنے شروع کردیئے، دکانداروں نے ائیرکولر کی قیمتوں میں 50فیصد تک اضافہ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی شہریوں نے ائیر کولرز خریدنے شروع کر دیئے ہیں ، ائیر کولرز کی مانگ میں اضافے کے باعث دکانداروں نے ائیرکو لر کی قیمتوں میں 50 فیصداضافہ کر دیا۔گزشتہ سال ڈی سی کولر جو 5ہزار روپے میں دستیاب تھا اب اس کی قیمت 8 ہزار روپے جبکہ 8 ہزار والا کولر 12 ہزار میں فروخت کیا جارہا ہے ۔
دکانداروں کا کہنا تھا کہ مہنگائی اتنی ہوگئی ہے کہ دکان کے اخراجات بجلی کے بلز اور ورکرز کی اجرات بھی ادا کرنی ہوتی ہے ۔ جس کیوجہ سے ائیرکولرز مہنگے کرنے پڑے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اتنی گرمی میں غریب آدمی کیلئے ٹھنڈی ہوا کا جھونکا لینا بھی مشکل ہو گیا ہے،اے سی کیلئے پہلے تو سوچ بھی نہیں سکتے ، اب ایئرکولر بھی پہنچ سے دورہوگئے ہیں۔حکومت کو سوچنا چاہیے کہ غریب آدمی کس طرح زندگی گزارے گا۔
شہریوں نے حکومت سے مہنگائی کنٹرول کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اتنی گرمی میں ائیر کولر کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے بھی اقدامات کرنے چاہئے۔



