جہلم میں ڈکیتی مزاحمت پر 54 سالہ شخص قتل، ڈاکو خواتین سے لاکھوں کے زیورات لوٹ کر فرار

جہلم میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر مسلح ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے 54 سالہ شخص کو قتل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کے علاقے قائدآباد میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر مسلح ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے 54 سالہ شخص کو قتل کردیا جبکہ ملزمان خواتین سے پانچ لاکھ روپے سے زائد مالیت کے طلائی زیورات لوٹ کر فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق مسلح ملزمان گلی میں خواتین سے لوٹ مار کر رہے تھے کہ 54 سالہ صغیر نے آگے بڑھ کر مزاحمت کرنے کی کوشش کی جس پر ملزمان نے اسے فائرنگ کا نشانہ بنا دیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں صغیر شدید زخمی ہوگیا۔
زخمی صغیر کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال جہلم منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
پولیس کے مطابق ڈاکو خواتین سے پانچ لاکھ روپے سے زائد مالیت کے طلائی زیورات لوٹ کر موقع سے فرار ہوگئے۔ واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واردات کے حوالے سے علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ چیک کی جا رہی ہے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔



