جہلم شہر میں جگہ جگہ غیر قانونی چنگ چی رکشہ سٹینڈ، ٹریفک نظام درہم برہم، متعلقہ ادارے خاموش تماشائی

جہلم کے اندرونِ شہر میں جگہ جگہ غیر قانونی چنگ چی رکشہ سٹینڈ قائم ہونے سے ٹریفک کا نظام بری طرح درہم برہم ہو چکا ہے۔ ٹریفک پولیس، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA) اور موٹر وہیکل ایگزامینر کی عدم توجہی کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جہلم شہر کے مختلف چوک، چوراہوں اور گلی محلوں میں چنگ چی رکشوں کے غیر قانونی سٹینڈ بن چکے ہیں۔ ان رکشوں کی غلط پارکنگ اور بے ہنگم قطاروں کی وجہ سے چھوٹی گاڑیوں، موٹر سائیکل سواروں اور پیدل چلنے والوں کے لیے آمد و رفت انتہائی دشوار ہو گئی ہے۔

عوامی شکایات کے مطابق ٹریفک پولیس صرف شاندار چوک، جی ٹی ایس چوک اور چوک گنبد والی مسجد کے قریب ہی متحرک نظر آتی ہے جبکہ اندرونِ شہر کے دیگر علاقوں میں عملاً بد نظمی پھیلی ہوئی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ مرکزی بازاروں اور گنجان آباد علاقوں میں ٹریفک جام معمول بن چکا ہے، مگر اس مسئلے کے حل کے لیے کوئی مؤثر اقدام نہیں اٹھایا جا رہا۔

شہریوں نے ڈی آئی جی ٹریفک پولیس، ایس پی ٹریفک پولیس اور ڈی پی او جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ اندرونِ شہر قائم غیر قانونی چنگ چی رکشہ سٹینڈز کو فوری ختم کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں تاکہ ٹریفک کی روانی بہتر بنائی جا سکے اور شہریوں کو روزمرہ کی مشکلات سے نجات مل سکے۔

Exit mobile version