پنڈدادنخان میں عطائیت کے خلاف کارروائی، میڈیکل اسٹور سیل، کیس پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو ارسال

پنڈدادنخان میں محکمہ صحت نے عطائیت کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک میڈیکل اسٹور کو سیل کر کے کیس پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو ارسال کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق ضلع جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں عطائیت اور غیر قانونی طبی پریکٹس کے خلاف محکمہ صحت کی کارروائیاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر پنڈدادنخان ڈاکٹر انجم قدیر نے یونین کونسل ٹوبہ میں کامران میڈیکل اسٹور پر چھاپہ مار کر معائنہ کیا اور اسے سیل کر دیا۔

کارروائی کے دوران میڈیکل اسٹور پر کوئی مستند کوالیفائیڈ شخص موجود نہیں تھا، جبکہ مالک کے تعلیمی کوائف میٹرک اور ڈی ایچ ایم ایس (DHMS) بتائے گئے۔ معائنے کے دوران مبینہ غیر مجاز طبی پریکٹس سے متعلق شواہد بھی سامنے آئے۔ موقع سے استعمال شدہ شیشیاں، سرنجیں، طبی انفیکشن زدہ فضلہ، آئی وی اسٹینڈز، سٹیرائڈز اور مختلف اقسام کے انجیکشنز برآمد کیے گئے۔

ڈاکٹر انجم قدیر نے موقع سے متعلقہ شواہد اکٹھے کرنے کے بعد کامران میڈیکل اسٹور کو سیل کر دیا، جبکہ مزید قانونی کارروائی کے لیے کیس پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن (PHC) کو بھجوا دیا گیا۔ کارروائی کا تمام ریکارڈ متعلقہ ایپ پر بھی اپ لوڈ کر دیا گیا ہے۔

ڈاکٹر انجم قدیر کا کہنا تھا کہ عطائیت اور غیر مستند طبی پریکٹس کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انسانی زندگیوں سے کھیلنے اور عوام کی صحت کو خطرے میں ڈالنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

↑
Exit mobile version