دینہ: عوامی مسائل میرٹ پر حل کرنا میری اولین ترجیح ہے، اپنے سٹاف کے ساتھ فرینڈلی ماحول ہے۔ زمینوں کا ریکارڈ آن لائن ہونے سے بہتری ہوئی ہے، تحصیل دینہ کے کل 6 موضعات آن لائن ہونے سے رہ گئے تھے جن میں سے دو موضعات وٹالیاں اور کلیال کا ریکارڈ کچھ دنوں تک آن لائن ہو جائے گا جبکہ باقی ریکارڈ بھی جلد آن لائن ہو جائے گا، ہماری سائلین سےکوئی ڈیمانڈ نہیں ہوتی عوام براہ راست اپنے کام کروانے آئیں۔
ان خیالات کا اظہار عرفان خالد عثمانی تحصیلدار دینہ نے سید توقیر آصف شاہ کی زیر قیادت دینہ پریس کلب کے وفد سے عوامی مسائل کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں حاجی اظہر چوہدری ، عرفان محبوب ، رضوان سیٹھی اور عادل چوہدری شامل تھے۔
انہوں نے کہا کہ روٹی کی قیمت سمیت ذخیرہ اندوزوں اور خود ساختہ مہنگائی کرنے والوں کیخلاف قانونی کارروائیوں کا سلسلہ بھی جاری رکھے ہوئے ہیں، دوکانداروں کو موقع پر جرمانے کئے جاتے ہیں۔ نمبردار علاقے میں حکومت کا نمائندہ ہوتا ہے، ڈومیسائل رہائش وغیرہ کے عوامی مسائل مقامی نمبردار تصدیق کرسکتے ہیں جبکہ وراثتی معاملات میں مقامی نمبردار کی رائے بھی لازمی لی جاتی ہے۔
عرفان خالد عثمانی نے مزید کہا کہ عدالتی معاملات، ریونیو کے دفتری امور،پرائس کنٹرول کی ذمہ داریوں سمیت کام کا بوجھ زیادہ ہوتا ہے مگر ٹیم ورک کی وجہ سے ہم اچھے طریقے سے معاملات سنبھال رہے ہیں۔ اگر کسی کو تحصیلدار آفس کے متعلق کوئی مسئلہ درپیش ہو تو مجھ سے ملیں انشاءاللہ میرٹ پر کام ہوگا۔
