الیکٹرک بس سروس کو چکوال سے پیر پھلائی تک بڑھایا جائے، عوامی و سماجی حلقے

پڑی درویزہ: وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے چکوال میں الیکٹرک بس سروس کا آغاز یقیناً ایک انقلابی اور خوش آئند قدم ہے جو عوامی سہولت، ماحولیاتی بہتری اور جدید ٹرانسپورٹ کے فروغ کی سمت ایک مضبوط پیش رفت ہے۔

اگرچہ فی الحال اس منصوبے کے تحت چکوال تا ملہال مغلاں روٹ باضابطہ طور پر شروع نہیں ہوا، تاہم عوامی حلقوں کی جانب سے بھرپور مطالبہ سامنے آیا ہے کہ اس سروس کو ابتدا ہی سے چکوال سے پیر پھلائی تک بڑھایا جائے۔

عوامی نمائندوں اور شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ مطالبہ کسی سیاسی مقصد کے لیے نہیں بلکہ خالصتاً طلبہ، سرکاری ملازمین، مزدوروں اور عام شہریوں کی سہولت کے لیے ہے۔

روزانہ سینکڑوں افراد چکوال تا پیر پھلائی روٹ پر سفر کرتے ہیں، جن میں گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج پیر پھلائی کے درجنوں طلبہ شامل ہیں جو روزانہ طویل اور مہنگے سفر کی مشکلات جھیلتے ہیں۔

اگر الیکٹرک بس سروس کو ملہال مغلاں سے آگے پیر پھلائی تک بڑھایا گیا، تو یہ نہ صرف عوام کو آرام دہ اور جدید سفری سہولت فراہم کرے گا بلکہ ماحول دوست نظام کے ذریعے پائیدار ترقی کی بنیاد بھی رکھے گا۔

عوام نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، ایم این اے ملک طاہر اقبال، ایم پی اے ملک تنویر اسلم سیتھی اور محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ اس عوامی خواہش کو ترجیحی بنیادوں پر منظور کیا جائے۔

یہ صرف ایک روٹ کی توسیع نہیں بلکہ چکوال کے نوجوانوں کے خوابوں اور عوامی آس کی تکمیل ہے۔ اگر حکومت اس مطالبے کو تسلیم کر لے تو یہ فیصلہ چکوال کی تاریخ میں ایک یادگار عوامی خدمت کی مثال کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button