دینہ: وسیلہ ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر انتظام مفتیاں میں رمضان افطار دستر خوان کا انعقاد

دینہ: فلاحی تنظیم وسیلہ ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر انتظام رمضان افطار دستر خوان برائے یتیم و مستحق طالبات و بیوہ خواتین کا مفتیاں دینہ میں انعقاد کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق فلاحی تنظیم وسیلہ ویلفیئر فاؤنڈیشن ضلع بھر میں دکھی انسانیت کے منصوبوں پر کام جاری رکھے ہے جس میں پینے کے پانی کی سکیمیں، فلٹریشن پلانٹ، معذور افراد کے لئے ویل چیئرز، بیوہ خواتین کے لئے ماہانہ راشن ،یتیم اور مستحق طالبات کو باعزت روزگار کی فراہمی کے لئے ووکیشنل ٹریننگ سنٹر مفتیاں دینہ،فری میڈیکل کیمپس ،مساجد کی تعمیر اور مساکین کے لئے مکانوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔
وسیلہ ویلفیئر فاؤنڈیشن کے چیئرمین سلیم انور کسانہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال کی طرح اس رمضان میں بھی وسیلہ ویلفیئر کے تحت ہنر سیکھنے والی 300یتیم اور مستحق طالبات اور بیوہ خواتین کے لئے شعور سنٹر مفتیاں دینہ میں رمضان افطار دستر خوان کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں انتہائی عزت اور احترام کے ساتھ افطاری اور کھانا مہیا کیا جارہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ رمضان افطار دستر خوان آخری روزے تک جاری رہے گا۔



