جہلم کی طرح پنڈدادنخان میں بھی اساتذہ اور سرکاری ملازمین کا اپنے حقوق کیلئے احتجاج

پنڈدادنخان: پنجاب بھر کی طرح ضلع جہلم کی دوسری بڑی تحصیل پنڈدادنخان میں بھی اساتذہ اور سرکاری ملازمین اپنے حقوق کے لے سراپا احتجاج بن گئے۔
تفصیلات کے مطابق ضلع جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں ہیڈ ماسٹر ایسوسی ایشن جہلم،اگیگا پنڈدادنخان و دیگر اساتذہ تنظیموں کے زیر اہتمام گورنمنٹ ہائی سکول پنڈدادنخان کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں تحصیل بھر سے مرد و خواتین اساتذہ نے احتجاج کرتے ہوئے اپنے مطالبات پیش کئے۔
اس موقع پر اساتذہ کا کہنا تھا کہ حکومت ہمارے جائز مطالبات پورے کرے ہم پر امن لوگ ہیں ہمارے ساتھ کسی قسم کی بھی زیادتی کی گئی تو ہم برداشت نہیں کریں گے اساتذہ کا کہنا تھا کہ ہم قوم کے بچوں کا مستقبل بنانے والے ہیں حکومت کو چاہیے کہ ہمارے ساتھ تعاون کرے تاکہ ہم اپنے فرائض انجام دے سکیں۔
ہیڈ ماسٹر ایسوسی ایشن جہلم کے جنرل سیکرٹری راجہ اقرار نے تحصیل پریس کلب پنڈدادنخان کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم پر امن طبقہ سے ہیں استاد تو بچوں کو تعلیم کے زیور سے آرستہ کرتے ہیں اگر آج پنجاب بھر میں اساتذہ سڑکوں پر ہیں تو اس کی وجہ نگران حکومت کے ظالمانہ اقدامات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم یہ ظلم نہیں ہونے دیں گے، ساری زندگی ملک و قوم کے بچوں کو تعلیم دیتے آرہے ہیں کیا ہمارا بڑھاپا یا ہمارے بچے نہیں ریٹائرمنٹ کے بعد ہم کہاں جائیں گے۔ لیو انکیشمنٹ پر ہرگز ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے ہم اپنے حقوق کی جنگ کے لیے پر امن احتجاج جاری رکھیں گے۔



