جہلم میں موسلا دھار بارش سے گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا، موسم خوشگوار

جہلم شہر اور گردونواح میں صبح کے وقت چمک دمک اور بادلوں کی گھن گرج کے ساتھ برسنے والی موسلا دھار بارش نے گرمی اور حبس کا زور توڑ دیا۔

موسم خوشگوار ہوتے ہی شہری گھروں سے نکل آئے اور بارش کے مزے لیتے رہے۔ ٹھنڈی ہواؤں نے فضاء کو نہ صرف سہانا بنا دیا بلکہ شہریوں کے دل بھی باغ باغ کر دیے۔

بارش کے بعد درختوں کی سبز پتیاں نکھر آئیں اور فضا میں تازگی پھیل گئی۔ گلیاں، بازار اور سڑکیں جل تھل ہو گئیں جبکہ بچے بارش میں کھیل کود کرتے رہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ بارش کسی نعمت سے کم نہیں، جس نے گرمی کا زور توڑا ہے اور کسان طبقہ بھی خوشی سے جھوم اٹھا ہے کیونکہ بارش فصلوں کے لیے سودمند ثابت ہوگی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے جس سے موسم مزید خوشگوار رہے گا۔ جہلم کے باسیوں کا کہنا ہے کہ قدرت کا یہ حسین منظر ایک یادگار دن کی صورت اختیار کر گیا۔

Exit mobile version