سوہاوہ: گورنمنٹ نان فارمل بیسک ایجوکیشن سکول ڈھڈی پڑی میں شجرکاری سرگرمی کا انعقاد

سوہاوہ: گورنمنٹ نان فارمل بیسک ایجوکیشن سکول ڈھڈی پڑی سوہاوہ میں شجرکاری سرگرمی کا انعقاد کیا گیا، جس میں اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لٹریسی میمونہ انجم نے پودے لگا کر شرکت کی۔

اس موقع پر طلباء و طالبات نے بھی بھرپور حصہ لیا اور ماحول کو سرسبز و شاداب بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

شجرکاری سرگرمی کے دوران طلباء و طالبات کو درختوں کی اہمیت، ماحولیاتی تحفظ اور پودوں کی مناسب نگہداشت کے حوالے سے آگاہی دی گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر غزالہ اصغر اور ڈی ای او لٹریسی میمونہ انجم نے طلباء و طالبات کے ہمراہ پودے لگائے اور انہیں شجرکاری سمیت دیگر ماحول دوست سرگرمیوں میں فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب دی۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے تعلیمی اداروں میں شجرکاری کے فروغ اور نئی نسل میں ماحولیاتی ذمہ داری کا شعور اجاگر کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ درخت ماحولیاتی تحفظ، صاف فضا اور سرسبز ماحول کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں، اس لیے پودے لگانے کے ساتھ ساتھ ان کی مناسب نگہداشت بھی ضروری ہے۔

انہوں نے متعلقہ افراد کو ہدایت کی کہ شجرکاری کے دوران لگائے گئے پودوں کی باقاعدہ نگہداشت اور تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ طلباء و طالبات کی عملی شمولیت سے نہ صرف انہیں ماحول کی اہمیت کا احساس ہوتا ہے بلکہ صاف، سرسبز اور ماحول دوست معاشرے کے قیام کی کوششوں کو بھی مزید مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔

Exit mobile version