وزیر اعلیٰ پنجاب کی ای موٹر بائیک سکیم کے درخواست فارم میں پیچیدگیاں، پی آئی ٹی بی حکام سے نظرثانی کا مطالبہ

پڑی درویزہ: وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے صوبہ پنجاب کے مرد و خواتین شہریوں، بالخصوص طلباء و طالبات کے لیے بجلی سے چلنے والی موٹر سائیکل ای بائیک (سکوٹی) سکیم کے لیے درخواستوں کی آن لائن رجسٹریشن کا سلسلہ جاری ہے، تاہم آن لائن درخواست فارم میں مبینہ پیچیدگیوں کے باعث درخواست دہندگان کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق آن لائن رجسٹریشن کے دوران فائل آپریٹرز کی جانب سے نشاندہی کی گئی ہے کہ انٹرنیٹ پر دستیاب پانچ صفحات پر مشتمل درخواست فارم میں متعدد ایسی پیچیدگیاں موجود ہیں جن کی وجہ سے درخواست دہندگان کو رجسٹریشن کے عمل میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق درخواست فارم میں تعلیم سے متعلق صفحے پر دیگر معلومات کے ساتھ تعلیمی ادارے میں جمع کرائی جانے والی فیس کا چالان فارم بھی طلب کیا گیا ہے۔ عوامی و سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ شرط غیر ضروری ہے، کیونکہ میٹرک یا انٹرمیڈیٹ تک سرکاری تعلیمی اداروں سے تعلیم حاصل کرنے والے بہت سے درخواست دہندگان کے پاس فیس کی کوئی رسید یا چالان موجود نہیں ہوتا۔

اسی وجہ سے عوامی و سماجی حلقوں کی جانب سے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ درخواست فارم سے تعلیمی فیس کے چالان کا کالم حذف کیا جائے تاکہ ایسے طلباء و طالبات اور دیگر درخواست دہندگان کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے جن کے پاس مذکورہ دستاویز موجود نہیں۔

اسی طرح درخواست فارم میں ضامن کے حوالے سے بھی اعتراض سامنے آیا ہے۔ عوامی و سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ جب ایک ضامن درخواست دہندہ کی جانب سے پیش کر دیا جاتا ہے تو اس کے بعد مزید دو حوالہ جات کے ثبوت طلب کرنا بھی غیر ضروری اور بے مقصد ہے۔ اس لیے اس اضافی شرط پر بھی نظرِ ثانی کی جائے۔

درخواست دہندگان کی جانب سے یہ مطالبہ بھی کیا گیا ہے کہ تصدیق کا عمل انٹرنیٹ پر دستیاب معلومات پر مکمل انحصار کرنے کے بجائے درخواست دہندہ سے براہِ راست مکمل کیا جائے، کیونکہ آن لائن رجسٹریشن کے دوران بعض کوائف غلط درج ہونے کا امکان موجود رہتا ہے، جس کے باعث درخواست کی تکمیل اور تصدیق کے عمل میں مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔

عوامی و سماجی حلقوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ درخواست فارم میں موجود ان پیچیدگیوں کے باعث صوبہ بھر میں متعدد درخواست دہندگان، خصوصاً طلباء و طالبات، ای موٹر بائیک سکیم سے محروم رہ سکتے ہیں۔

انہوں نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ تعلیمی فیس کے چالان اور دو اضافی حوالہ جات کے ثبوت کی شرائط کو جلد از جلد ختم کیا جائے اور درخواست فارم کو مزید آسان بنایا جائے تاکہ 4 اکتوبر 2026ء تک زیادہ سے زیادہ شہری، طلباء اور طالبات اس سکیم کے لیے اپنی درخواستیں کامیابی سے رجسٹر کرا سکیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button