جہلم میں وزیر اعلی پنجاب شکایت سیل کی جعلی چیئرپرسن سمیت 2افراد گرفتار

جہلم: پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے خود کو وزیراعلیٰ پنجاب شکایات سیل کی چیئرپرسن ظاہر کر کے پولیس سے پروٹوکول اور سرکاری مراعات حاصل کرنے کی کوشش کرنے والی خاتون سمیت دو افراد کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ سٹی اور ان کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ مہناز سعید کی جانب سے خود کو وزیراعلیٰ پنجاب شکایات سیل کی چیئرپرسن ظاہر کرنے کے دعوے کی جانچ پڑتال کی۔
پولیس کے مطابق ملزمہ کے ہمراہ گاڑی میں موجود ایک شخص نے خاتون کا تعارف وزیراعلیٰ پنجاب شکایات سیل کی فوکل پرسن اور چیئرپرسن کے طور پر کروایا اور جی ٹی روڈ چھاؤنی چوک کے قریب پولیس سے حفاظتی پروٹوکول طلب کیا۔
معاملہ مشکوک محسوس ہونے پر پولیس نے فوری طور پر وزیراعلیٰ پنجاب شکایات سیل سے رابطہ کیا، جہاں سے مذکورہ خاتون سے مکمل لاتعلقی کا اظہار کیا گیا اور ایسے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت دی گئی۔
پولیس نے گاڑی کی تلاشی لی تو اس میں سے شراب کی بوتل بھی برآمد ہوئی، جس کے بعد دونوں افراد کو گاڑی سمیت تھانے منتقل کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔
دورانِ تفتیش ملزمہ کے تمام دعوے جھوٹے اور بے بنیاد ثابت ہوئے اور یہ بات سامنے آئی کہ وہ جعلی حیثیت اختیار کر کے پولیس اور دیگر اداروں کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی تھی۔
پولیس نے ملزمہ اور اس کے ساتھی کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا ہے کہ کسی بھی شخص کی جانب سے جعلی سرکاری شناخت یا عہدہ ظاہر کر کے سرکاری مراعات حاصل کرنے کی کوشش قانوناً جرم ہے اور ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔



