سانحہ جعفر ایکسپریس؛ سوہاوہ کا رہائشی پاک فوج کا شہید جوان پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک

سوہاوہ/ جہلم: سانحہ جعفر ایکسپریس میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوان مرزا جواد کو سوہاوہ میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوان مرزا جواد کو جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے علاقے ڈومیلی میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔ پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے شہید کو گارڈ آف آنر پیش کیا جبکہ ہزاروں افراد نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔
شہید مرزا جواد پاک فوج میں دس سال سے خدمات انجام دے رہے تھے اور عید کی چھٹیوں پر گھر آ رہے تھے کہ بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر ہونے والے دہشت گرد حملے میں شہید ہو گئے۔
جب شہید کی میت آبائی علاقے ڈومیلی پہنچی تو اہل علاقہ، رشتہ داروں اور دوستوں کی بڑی تعداد نے پرتپاک استقبال کیا۔ پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔ بعد ازاں پاک فوج کے اعلیٰ افسران، سیاسی و سماجی شخصیات اور ہزاروں شہریوں کی موجودگی میں شہید کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔
@jhelumupdates سانحہ جعفر ایکسپریس؛ جہلم کا رہائشی پاک فوج کا شہید جوان سپرد خاک #jaffarexpress #train #Jhelum #JhelumUpdates #Pakistan #foryoupage❤️❤️ #pageforyou #جہلم #PakistanNews #News #blochistan #SohawaNews #Domeli #pakarmy #JhelumNews #breakingnews ♬ original sound – Jhelum Updates
اس موقع پر شہید کے والد مرزا ساجد نے فخر سے کہا کہ میرا بیٹا ایک عظیم مرتبے پر فائز ہوا ہے، اس کی شہادت پر جتنا بھی شکر ادا کروں کم ہے۔ اس نے وطن پر قربان ہو کر ہمارا سر فخر سے بلند کر دیا۔
28 سالہ شہید مرزا جواد کا تعلق ایک محب وطن خاندان سے تھا۔ ان کے ایک بھائی اور تین بہنیں ہیں۔ انہوں نے 10 سال قبل پاک فوج میں شمولیت اختیار کی تھی اور ہمیشہ ملکی دفاع کے لیے پرعزم رہے۔
شہید کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا جبکہ علاقہ بھر کی آنکھیں اشکبار تھیں۔



