جہلم: ضلع جہلم میں صفائی کے حوالے سے اہم پیش رفت، 15 جنوری سے "ستھرا پنجاب” منصوبے کا باضابطہ آغاز کیا جا رہا ہے۔
سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ آسیہ گل نے کمیٹی روم میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے منصوبے کی تفصیلات اور عملدرآمد پر روشنی ڈالی۔ سپیشل سیکرٹری آسیہ گل کو اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ ضلع جہلم کے 44 یونین کونسلوں اور 5 میونسپل کمیٹیوں پر مشتمل علاقوں کی مکمل صفائی کی جائے گی جبکہ جاری منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
آسیہ گل نے الطاف پارک کی تزئین و آرائش اور بحالی کے لیے جاری 9 کروڑ روپے کے منصوبے کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔
سپیشل سیکرٹری آسیہ گل نے میونسپل سٹیڈیم اور سیوریج سکیم پر کام کے معیار کا معائنہ کرتے ہوئے حکام کو ہدایت کی کہ ان منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ "زیرو ویسٹ پروگرام” کے تحت صفائی کے اقدامات کی نگرانی ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کریں گے۔
آسیہ گل نے کہا کہ ستھرا پنجاب منصوبہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں ایک اہم اقدام ہے، جس کا مقصد صوبے بھر میں صفائی کو یقینی بنانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہری اور دیہی علاقوں میں برابری کی سطح پر صفائی کے معیار کو برقرار رکھا جائے گا، اور دیہاتی علاقوں میں صفائی کے دیرینہ مسئلے کو حل کیا جائے گا۔
سپیشل سیکرٹری نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صفائی کے عمل میں حکومت کا بھرپور ساتھ دیں۔ ان کا کہنا تھا، "یہ منصوبہ بڑے پیمانے پر فنڈز کے ذریعے آپ کے علاقوں کو صاف ستھرا بنانے کے لیے شروع کیا گیا ہے۔ شہری ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور اپنے علاقوں کو صاف رکھنے میں مدد کریں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے تعاون کے بغیر یہ منصوبہ کامیاب نہیں ہو سکتا۔ ستھرا پنجاب منصوبے کے ذریعے نہ صرف شہر بلکہ دیہات کو بھی صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کیا جائے گا۔
