سوہاوہ کے علاقے ڈومیلی میں زمین کے تنازعہ پر ایک شخص قتل

سوہاوہ کے علاقے ڈومیلی میں زمین کے تنازعہ پر جھگڑا، ایک شخص ڈنڈے کے وار سے جاں بحق ہو گیا۔ پولیس نے لاش کو ہسپتال منتقل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں ڈومیلی کے نواحی گاؤں ججیال موٹاپھلا میں زمین کے تنازعہ پر پیش آنے والے جھگڑے کے دوران ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122، تھانہ ڈومیلی پولیس اور کرائم یونٹ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
آج زمین پر قبضے کے تنازعے کے باعث جھگڑا ہوا جس کے دوران محمد نواز ولد شادم خان سکنہ مدن کو ڈنڈے کا وار لگنے سے موقع پر ہی جان سے ہاتھ دھونا پڑا۔ واقعے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق زمین کے اسی تنازعے پر 21 اکتوبر 2025 کو تھانہ ڈومیلی میں ایک مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس میں محمد افضل ولد محمد اشرف پر فصل باجرہ اجاڑنے اور قبضہ کرنے کی کوشش کا الزام تھا۔ آج صبح اسی جھگڑے نے شدت اختیار کی، جس کے نتیجے میں ڈنڈے کے وار سے محمد نواز جاں بحق ہوگیا۔
پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ کرنے کے بعد فرانزک شواہد اکٹھے کیے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی۔



