جہلم شہر میں بھکاریوں کی بھرمار، بازاروں اور چوک چوراہوں میں شہریوں کو مشکلات کا سامنا

جہلم شہر میں بھکاریوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ شہر کے گلی محلوں، چوک چوراہوں، معروف بازاروں، سڑکوں اور دیگر عوامی مقامات پر بھکاریوں کی بڑی تعداد موجود رہتی ہے، جس کے باعث شہریوں کی روزمرہ سرگرمیاں متاثر ہونے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جہلم شہر کی معروف مارکیٹوں، مین بازار اور مصروف چوک چوراہوں میں بھیک مانگنے والے افراد نے مختلف مقامات پر ڈیرے جما رکھے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد کی جانب سے بھیک مانگنے کے بڑھتے ہوئے رجحان نے انہیں پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے، جبکہ خریداری کے لیے بازاروں کا رخ کرنے والے افراد کو بھی مشکلات پیش آتی ہیں۔

شہریوں کے مطابق بعض مقامات پر بھکاری خریداری کے لیے آنے والے افراد اور خاندانوں کو گھیر لیتے ہیں اور رقم ملنے تک ان کا پیچھا کرتے رہتے ہیں، جس سے بالخصوص خواتین اور بچوں کے ہمراہ آنے والی فیملیز کو پریشانی اور خوف کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بعض اوقات مسلسل اصرار اور ہجوم کے باعث بازاروں میں پرسکون انداز میں خریداری کرنا بھی مشکل ہو جاتا ہے۔

شہریوں نے متعلقہ حکام کی توجہ اس مسئلے کی جانب مبذول کرواتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کے مصروف بازاروں، سڑکوں اور عوامی مقامات پر بھکاریوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے حوالے سے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔

عوامی حلقوں نے ڈی پی او جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کا نوٹس لیا جائے اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر قانون کے مطابق مؤثر کارروائی کی جائے تاکہ شہر میں شہریوں اور خریداری کے لیے آنے والی فیملیز کو بلاوجہ پریشانی سے بچایا جا سکے۔

↑
Exit mobile version