شہید کانسٹیبل محمد امین کی 26ویں برسی پر جہلم پولیس کی جانب سے خراجِ عقیدت


جہلم: ڈی ایس پی سٹی میاں عبدالجبار نے شہید کانسٹیبل محمد امین کی 26ویں برسی کے موقع پر ان کی لحد پر حاضری دی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے معصوم پور، تحصیل سرائے عالمگیر میں شہید کی قبر پر سلامی دی۔ ڈی ایس پی سٹی میاں عبدالجبار نے شہید کانسٹیبل کی قبر پر پھول چڑھائے اور ان کی روح کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی۔
اس موقع پر پولیس افسران اور مقامی افراد کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، جنہوں نے شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعائیں کیں۔ کانسٹیبل محمد امین نے یکم مارچ 1999 کو فرض کی ادائیگی کے دوران خطرناک اشتہاری ملزمان کی فائرنگ سے جامِ شہادت نوش کیا تھا۔ وہ ایک بہادر اور نڈر پولیس افسر تھے، جنہوں نے عوام کے تحفظ اور قانون کی بالادستی کے لیے اپنی جان قربان کی۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے اس موقع پر کہا کہ کانسٹیبل محمد امین کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کے شہداء ہمارے محسن ہیں، جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر محکمہ پولیس کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔
پولیس حکام نے عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا اور ان کے خاندانوں کی ہر ممکن مدد اور سرپرستی جاری رکھی جائے گی۔



