جہلم: ضلع جہلم میں محرم الحرام کے مقدس ایام کے دوران امن و امان، بین المسالک ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ متحرک ہو گئی۔
اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر میثم عباس کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈی پی او طارق عزیز سندھو، اسسٹنٹ کمشنر شمس الرحمٰن، ممتاز مذہبی اسکالر بابا عرفان الحق، تمام مکاتبِ فکر کے علمائے کرام، لائسنس داران اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے کہا کہ محرم الحرام میں امن و امان اور مذہبی ہم آہنگی کا قیام اولین ترجیح ہے۔ تمام مسالک کے علماء کرام اور ضلعی امن کمیٹی کے ممبران کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے محراب و منبر سے امن، رواداری اور بھائی چارے کا پیغام دیں اور کسی بھی قسم کی شرپسندی کے خلاف آواز بلند کریں۔”
اجلاس کے دوران ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے بتایا کہ محرم کے جلوسوں اور مجالس کے لیے فول پروف سیکیورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے۔ پولیس، رینجرز اور دیگر ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں، تاہم عوام اور مذہبی نمائندگان کی مکمل تعاون کے بغیر امن ممکن نہیں۔
اجلاس میں شامل تمام مسالک کے علماء، لائسنس داران اور سماجی شخصیات نے انتظامیہ کو یقین دہانی کروائی کہ حسب روایت ضلع جہلم میں محرم الحرام کے ایام میں مکمل امن قائم رکھنے میں بھرپور کردار ادا کیا جائے گا۔ اگر کسی شخص کی جانب سے شرپسندی یا تخریبی ذہنیت کا اظہار سامنے آئے گا تو فوری طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اطلاع دی جائے گی۔
ممتاز مذہبی اسکالر بابا عرفان الحق نے اجلاس کے اختتام پر کہا کہ محرم الحرام انتہائی حساس ایام ہیں، اور ان میں تمام مسالک کو اپنے اپنے عقائد کے مطابق آزادی حاصل ہے۔ ہمیں باہمی احترام اور افہام و تفہیم سے ان ایام کو گزارتے ہوئے ملک و ملت کے دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانا ہے۔
اجلاس کے اختتام پر ملکی سلامتی، اتحاد بین المسلمین اور امن و امان کے قیام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ اجلاس کو مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور ضلعی سطح پر مؤثر روابط کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
