ڈسٹرکٹ پلاننگ اینڈ ڈیزائن کمیٹی کا اجلاس، رہائشی و کمرشل نقشہ جات کی منظوری کا جائزہ لیا گیا

جہلم: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سنیہ صافی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پلاننگ اینڈ ڈیزائن کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں رہائشی اور کمرشل عمارتوں کے نقشہ جات کی منظوری اور متعلقہ قواعد و ضوابط کے مطابق ان کی جانچ پڑتال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں مختلف رہائشی مکانات، کمرشل پلازوں اور دیگر تعمیراتی منصوبوں کے نقشہ جات سے متعلق متعدد کیسز زیر غور آئے۔ متعلقہ محکموں کے افسران نے ہر درخواست کے تکنیکی پہلوؤں، بلڈنگ بائی لاز، حفاظتی تقاضوں اور قانونی ضوابط کے مطابق صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سنیہ صافی نے ہدایت کی کہ تمام نقشہ جات کی منظوری مکمل شفافیت، میرٹ اور مروجہ بلڈنگ بائی لاز کے مطابق دی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی غیر قانونی تعمیرات یا قواعد و ضوابط سے ہٹ کر پیش کیے جانے والے نقشہ جات کی منظوری ہرگز نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ شہر کی منظم منصوبہ بندی، سڑکوں کی مناسب کشادگی، ٹریفک کے مسائل کی روک تھام اور محفوظ تعمیرات کو یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

سنیہ صافی نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ہر درخواست کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے اور تمام قانونی، تکنیکی اور حفاظتی تقاضے پورے ہونے کے بعد ہی منظوری دی جائے تاکہ مستقبل میں کسی قسم کے مسائل سے بچا جا سکے۔

اجلاس کے دوران مختلف رہائشی اور کمرشل نقشہ جات کی منظوری دی گئی، جبکہ بعض کیسز میں ضروری اصلاحات اور ترامیم کی سفارشات بھی منظور کی گئیں تاکہ تعمیراتی منصوبے مروجہ قوانین اور شہری منصوبہ بندی کے اصولوں کے مطابق مکمل کیے جا سکیں۔

اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ضلع جہلم میں منظم شہری ترقی، محفوظ تعمیرات اور شفاف نظام کے فروغ کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button