شہریوں کو معیاری طبی سہولیات اور صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، ڈپٹی کمشنر جہلم

دینہ: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے تحصیل دینہ کا دورہ کرتے ہوئے رورل ہیلتھ سینٹر (آر ایچ سی) دینہ میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور "ستھرا پنجاب پروگرام” پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا۔

دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے زیر علاج مریضوں سے ملاقات کی اور انہیں دی جانے والی طبی سہولیات کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے مریضوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب شہریوں کو ان کی دہلیز پر معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ تمام آر ایچ سی اور بی ایچ یو ہسپتالوں کو جدید طبی مشینری اور بہتر سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔

ڈپٹی کمشنر نے آر ایچ سی کے انچارج کو ہدایت دی کہ مریضوں کے علاج معالجے میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے اور ہسپتال کے انتظامی امور کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ مریضوں کو معیاری اور بروقت سہولیات میسر آ سکیں۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے دینہ میں جاری "ستھرا پنجاب پروگرام” کے تحت صفائی مہم کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مختلف علاقوں میں صفائی کی صورتحال کا مشاہدہ کرتے ہوئے میونسپل حکام کو ہدایت کی کہ صفائی کے عمل کو مؤثر بنانے کے لیے مستقل نگرانی کی جائے۔

انہوں نے تاکید کی کہ شہر کی تمام گلیوں اور محلوں سے کچرا بروقت اٹھایا جائے اور اسے مناسب طریقے سے ٹھکانے لگایا جائے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔

Exit mobile version