دینہ میں کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف احتجاجی ریلی، بھارت کے خلاف شدید نعرے

دینہ: تحصیلدار دینہ شمشیر حیدر رانجھا کی قیادت میں بھارت کے مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضے کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔
ریلی میں چیف آفیسر میونسپل کمیٹی دینہ محمد فیصل، ڈپٹی ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ارشاد تونیو، پٹواری محمد عشارب، ایم او آئی چوہدری سہیل اشرف، تجاوزات انسپکٹر عدیل بٹ، ریسکیو 1122 کے ابراہیم سمیت دیگر افسران اور اہلکاروں نے بھرپور شرکت کی۔
شرکاء نے بھارت مخالف نعروں اور احتجاجی بینرز کے ذریعے کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کیا۔
اس موقع پر تحصیلدار شمشیر حیدر رانجھا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 27 اکتوبر کشمیری تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، جب بھارت نے سری نگر میں اپنی افواج اتار کر کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اپنی تمام تر طاقت کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے پست کرنے میں ناکام رہا ہے۔
انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے ذریعے ہونے والے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیریوں کو ان کا حقِ خودارادیت دلانے میں کردار ادا کرے۔
چیف آفیسر میونسپل کمیٹی دینہ محمد فیصل نے کہا کہ دنیا بھر میں کشمیری عوام بھارتی تسلط کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں، انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو اس حوالے سے سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہیے۔
پٹواری محمد عشارب نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت فوری طور پر مقبوضہ کشمیر سے اپنی افواج واپس بلائے اور کشمیری عوام کو ان کا پیدائشی حقِ آزادی دیا جائے۔
شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیر کی آزادی تک احتجاج اور حمایت کا سلسلہ جاری رہے گا۔



