پنڈدادنخان: ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر انجم قدیر نے محکمہ صحت کی ٹیم کے ہمراہ انسدادِ اتائیت (Anti-Quackery) مہم کے تحت یونین کونسل کندوال میں قائم نیو حافظ میڈیکل اسٹور پر کارروائی کرتے ہوئے ایک جعلی ڈاکٹر کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔
محکمہ صحت کی ٹیم کے مطابق چھاپے کے دوران مذکورہ شخص میڈیکل اسٹور پر مریضوں کا معائنہ کر کے علاج کر رہا تھا۔ کارروائی کے دوران موقع سے نیبولائزر، سٹیتھو اسکوپ، ڈرپس، انجیکشنز اور دیگر طبی سامان برآمد کیا گیا، جبکہ استعمال شدہ سرنجیں بھی قبضے میں لے لی گئیں۔
ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر انجم قدیر نے موقع پر ہی قانونی کارروائی کرتے ہوئے میڈیکل اسٹور کو سیل کر دیا۔
محکمہ صحت کے مطابق جعلی ڈاکٹر کے خلاف مقدمے کا چالان تیار کر کے مزید کارروائی کے لیے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن (PHC) لاہور کو ارسال کر دیا گیا ہے۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ اتائیت کے خاتمے کے لیے ضلع بھر میں کارروائیاں جاری رہیں گی اور انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
