پنجاب میں مجوزہ "کوڑا ٹیکس” کی وصولی کی تیاریاں، محکمہ ایکسائز نے عملی اقدامات تیز کر دیے

جہلم: پنجاب حکومت کی جانب سے گرین سگنل ملنے کے بعد محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے شہری علاقوں میں مجوزہ سالڈ ویسٹ (کوڑا) ٹیکس کی وصولی کے لیے عملی تیاریاں تیز کر دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ابتدائی مرحلے میں صوبے کے شہری علاقوں کے 33 لاکھ سے زائد رہائشی گھروں سے ٹیکس وصولی کا آغاز متوقع ہے۔

باوثوق ذرائع کے مطابق محکمہ ایکسائز مزید رہائشی اور کمرشل یونٹس کو ٹیکس نظام میں شامل کرنے کے لیے متعلقہ اداروں سے ڈیٹا اکٹھا کر رہا ہے، جبکہ وصولیوں کے مؤثر نظام کے لیے درکار انتظامی اور تکنیکی امور بھی تیزی سے مکمل کیے جا رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس منصوبے سے متعلق ایک جامع سمری جلد منظوری کے لیے حکومت پنجاب کو ارسال کی جائے گی، جس کے بعد پالیسی کے مختلف مراحل پر عمل درآمد شروع ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق ٹیکس وصولی کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے ابتدائی طور پر 70 گاڑیوں اور 650 ای بائیکس کی فراہمی کی تجویز زیر غور ہے تاکہ بلوں کی بروقت تقسیم اور وصولیوں کے عمل کو بہتر بنایا جا سکے۔ اس کے علاوہ محکمہ ایکسائز نے بل تقسیم کرنے والے عملے کے لیے ایک سے دو فیصد سروس چارجز کی تجویز بھی دی ہے۔

ذرائع کے مطابق بلوں کی پرنٹنگ، تقسیم اور دیگر انتظامی معاملات سے متعلق ورکنگ آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے، تاہم اس منصوبے کے نفاذ، ٹیکس کی شرح، طریقہ کار اور اطلاق سے متعلق حتمی فیصلے حکومت پنجاب کی منظوری کے بعد سامنے آئیں گے۔

Exit mobile version