پولیس خدمت مرکز میں رش کی وجہ سے شہریوں کے لیے لائسنس کا حصول مشکل ہو گیا

جہلم پولیس خدمت مرکز میں رش کے باعث شہریوں کے لیے موٹر سائیکل اور گاڑیوں کے لائسنس حاصل کرنا دشوار ہو گیا ہے۔ پولیس خدمت مرکز کے داخلی دروازے پر شہریوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں اور امیدوار کئی گھنٹے لائن میں کھڑے رہنے پر مجبور ہیں۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ چند روز سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے شہریوں کے خلاف ہزاروں روپے کے چالان اور مقدمات درج کیے جا رہے ہیں، جس کے باعث شہری چالان اور مقدمات سے بچنے کے لیے پولیس خدمت مرکز کا رخ کر رہے ہیں تاکہ وہ بروقت لائسنس حاصل کر سکیں۔ تاہم، لائسنس بنانے کے لیے موجود کاؤنٹر کی کمی اور محدود عملے کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

شہریوں نے بتایا کہ پولیس خدمت مرکز میں لائن میں کھڑے ہونے کے باوجود بھی لائسنس حاصل کرنے کا عمل سست ہے اور ہر روز کئی افراد کو واپس گھر جانا پڑ رہا ہے۔

شہریوں نے انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرولنگ پولیس اور تمام تھانوں کو بھی لائسنس بنانے کے اختیارات فراہم کیے جائیں تاکہ امیدوار بغیر وقت ضائع کیے لائسنس حاصل کر سکیں اور پولیس خدمت مرکز پر ہونے والے رش میں کمی لائی جا سکے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ اس مسئلے کے حل کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ لائسنس حاصل کرنا آسان اور سہل ہو اور شہری اپنی قانونی ذمہ داریاں بخوبی پوری کر سکیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button