کسی شخص کو دوسرے کی قیمتی املاک پر قبضہ کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او جہلم

55
جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کی مشترکہ زیر صدارت ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنی شکایات کے ساتھ مختلف بااثر افراد اور قبضہ مافیا کی جانب سے ذاتی املاک پر کیے جانے والے ناجائز قبضوں کے خلاف درخواستیں پیش کیں۔
اجلاس میں موصول ہونے والی تمام درخواستوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس کے بعد ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اور ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے شہریوں کی ذاتی اور قیمتی املاک پر قابض عناصر کے خلاف فوری اور بلاامتیاز سخت کارروائی کے احکامات جاری کیے۔
اجلاس میں متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی کہ ناجائز قابضین کے خلاف قانونی تقاضوں کے مطابق فوری ایکشن لیتے ہوئے شہریوں کو ان کی املاک کا قبضہ واپس دلوایا جائے۔
اس موقع پر اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی کے اجلاس روزانہ کی بنیاد پر منعقد کیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کے دیرینہ مسائل کو فوری اور مؤثر انداز میں حل کیا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ اب تک درجنوں شہریوں کی قیمتی زمینیں اور جائیدادیں بااثر افراد اور قبضہ مافیا کے قبضے سے واگزار کروا کر اصل مالکان کے حوالے کی جا چکی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے شہریوں کو ہدایت کی کہ اگر کسی کی زمین، مکان یا کسی بھی قسم کی پراپرٹی پر ناجائز قبضہ کیا گیا ہے تو وہ بلا جھجک ڈپٹی کمشنر آفس جہلم، ڈی پی او آفس جہلم یا ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی کے اجلاس میں اپنی درخواست جمع کروائیں، تاکہ ان کی قیمتی املاک کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے اس موقع پر واضح الفاظ میں کہا کہ جہلم پولیس قبضہ مافیا کو نشانِ عبرت بنا دے گی اور کسی شخص کو دوسرے شہری کی قیمتی املاک پر قبضہ کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام ناجائز قابضین یہ بات ذہن نشین کر لیں کہ پنجاب میں شہریوں کی املاک پر قبضے کا دور ختم ہو چکا ہے اور قانون کی عملداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
اجلاس کے اختتام پر شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی کے قیام، شہریوں کی املاک کے تحفظ اور ناجائز قبضوں کے خاتمے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو زبردست الفاظ میں سراہا اور ڈپٹی کمشنر جہلم اور ڈی پی او جہلم کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔



