پنڈدادنخان میں 7 سالہ بچی اور خاتون سے زیادتی کی کوشش کرنے والے دو ملزمان گرفتار

پنڈدادنخان کے نواحی علاقہ میں 7 سالہ بچی اور خاتون سے زیادتی کی کوشش کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں تھانہ للِہ پولیس نے بچی اور خاتون کے خلاف جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران جنسی زیادتی کی کوشش کے مقدمات میں مطلوب ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ للِہ اور ان کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ایک 7 سالہ بچی کے ساتھ نازیبا حرکات کرنے اور جنسی زیادتی کی کوشش میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔ واقعہ کا مقدمہ تھانہ للِہ میں درج کر لیا گیا ہے جبکہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔
دوسری کارروائی میں ایمرجنسی 15 پر موصول ہونے والی اطلاع پر فوری رسپانس دیتے ہوئے تھانہ للِہ پولیس نے خاتون کے ساتھ جنسی زیادتی کی کوشش کرنے والے ملزم کو بھی گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق دونوں مقدمات کی تفتیش میرٹ پر جاری ہے اور ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں پیش کرکے قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
اس حوالے سے ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کا کہنا ہے کہ خواتین اور بچوں کے خلاف جنسی جرائم انتہائی سنگین نوعیت کے جرائم ہیں اور جہلم پولیس ایسے مقدمات میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ متاثرین کو انصاف کی فراہمی اور ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام تر قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔



