جہلم میں دھواں چھوڑتی گاڑیوں نے شہریوں کو اعصابی مریض بنانا شروع کردیا

جہلم: محکمہ ماحولیات کی نااہلی، دھواں چھوڑتی گاڑیوں نے شہریوں کو اعصابی مریض بنا نا شروع کردیا، محکمہ ماحولیات کے ذمہ داران نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر لی، شہری سانس، دمہ، آشوب چشم کی بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ ماحولیات کے ذمہ داران کی عدم توجہی و مجرمانہ خاموشی کے باعث اندرون جہلم شہر اور ضلع بھر کی سڑکوں پر کھٹارہ گاڑیوں ، رکشوںاور شور پیدا کرنیوالی ٹرانسپورٹ سمیت دھواں چھوڑتی گاڑیوں ، نجی کارخانوں ، بھٹوں سے اٹھنے والی دھول مٹی کی بھر مار نے شہریوں کو اعصابی امراض میں مبتلا کر کے رکھ دیا ہے۔
ضلع بھرکی سڑکوں پر ایسی گاڑیاں ، ٹریکٹر ٹرالیاں اور اندرون شہر چنگ چی رکشے دندناتے پھرتے ہیں جس سے شہر سمیت ضلع بھر کی آب و ہوا آلودہ اور شہریوں کا سانس لینا محال ہو چکا ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ گاڑیوں سمیت بھٹوں کا زہریلا دھواں جگر پھیپھڑے اور سانس سمیت آشوب چشم کی بیماریوں کے ساتھ ساتھ جلد کی بیماریوں کو بھی جنم دیتا ہے اس سے ٹی بی کا خطرہ بھی لاحق ہو سکتا ہے۔
جہلم شہر کی عوامی و سماجی تنظیموں کے عمائدین نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے اور محکمہ ماحولیات کے ذمہ داران کو کارروائیاں کرنے کا مطالبہ کیاہے۔



