پنڈ دادنخان بار ایسوسی ایشن کے انتخابات مکمل، اصغر خان بلوچ صدر اور رضوان اقبال گجر جنرل سیکرٹری منتخب

5
پنڈ دادنخان: بار ایسوسی ایشن پنڈ دادنخان کے سالانہ انتخابات کامیابی سے مکمل ہو گئے، جس کے نتیجے میں معروف قانون دان اصغر خان بلوچ صدر جبکہ رضوان اقبال گجر جنرل سیکرٹری منتخب ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں بار ایسوسی ایشن کے منصفانہ اور شفاف انتخابات کے بعد صدر کے عہدے کے لیے اصغر خان بلوچ اور سابق صدر راجہ ضمیر احمد بشیر کے درمیان انتہائی کانٹے دار مقابلہ ہوا، جس میں اصغر خان بلوچ کامیاب رہے۔ جنرل سیکرٹری کے عہدے پر رضوان اقبال گجر منتخب قرار پائے۔
انتخابات میں سابق صدر بار راجہ ضمیر احمد بشیر کے گروپ کی جانب سے معروف قانون دان شکیل شیراز نے بھرپور مقابلہ کیا اور میدان جما لیا۔
نائب صدارت کے لیے معروف قانون دان ایڈووکیٹ شکیل شیراز اور راجہ اختر کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا، جس میں دونوں امیدواروں نے برابر یعنی 47،47 ووٹ حاصل کیے۔ بعد ازاں باہمی مشاورت سے نائب صدارت کے حوالے سے آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد وکلاء برادری کے علاوہ سیاسی، سماجی اور صحافتی تنظیموں کی جانب سے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی گئی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔
اس موقع پر نو منتخب صدر اصغر خان بلوچ نے وکلاء برادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ بار ایسوسی ایشن پنڈ دادنخان کی بہتری، وکلاء کے مسائل کے حل اور ادارے کے وقار کو مزید بلند کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں گے۔



