جہلم: چکوال پولیس کے شہید سب انسپکٹر محمد اشرف کی پچیسویں برسی کے موقع پر جہلم پولیس کی جانب سے ایک باوقار، پُراثر اور جذبہ حب الوطنی سے بھرپور تقریب منعقد کی گئی، جس میں شہید کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کی لحد پر سلامی پیش کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کے مشن کو ہر قیمت پر جاری رکھا جائے گا۔
تقریب کے دوران ایس ایچ او تھانہ جلالپور شریف مرزا صداقت علی نے شہید کی لحد پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے شہید کے اہلِ خانہ سے ملاقات کرتے ہوئے یقین دلایا کہ جہلم پولیس اپنے شہداء اور ان کے خاندانوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی اور ہر مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ شہداء پولیس ہمارے ماتھے کا جھومر اور قوم کے اصل ہیرو ہیں، جن کی لازوال قربانیاں ہر پولیس افسر اور جوان کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کی بدولت آج ہم محفوظ ہیں اور ہر سپاہی کو یہ احساس ہونا چاہیے کہ پوری قوم اس کے ساتھ کھڑی ہے اور اس کی بہادری کو سلام پیش کرتی ہے۔
ڈی پی او جہلم نے پولیس افسران و جوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ملک و قوم کا تحفظ ایک مقدس فریضہ ہے، اور جہلم پولیس اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، نظم و ضبط اور قربانی کے جذبے کے ساتھ دشمن عناصر کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنی رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہداء کے خون سے کیے گئے وعدے ہر صورت نبھائے جائیں گے۔
تقریب میں تھانہ جلالپور شریف پولیس کی مثالی کارکردگی، شہداء سے وفاداری اور اعلیٰ پیشہ ورانہ جذبہ نمایاں رہا، جو اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ جہلم پولیس اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی اور امن و امان کے قیام کے لیے اپنی جدوجہد پوری قوت کے ساتھ جاری رکھے گی۔
