دی فاسٹ اسکول اینڈ کالج بڑاگواہ میں سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد

سوہاوہ: ڈومیلی کے علاقے بڑاگواہ میں واقع دی فاسٹ اسکول اینڈ کالج میں سیرت النبی ﷺ کے حوالے سے ایک باوقار کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں اساتذہ، طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ کانفرنس کے دوران طلبہ و طالبات نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں عقیدت کے پھول نچھاور کرتے ہوئے خوبصورت نعتیں پیش کیں، جبکہ مختلف طلبہ نے حضور اکرم ﷺ کی اسوۂ حسنہ اور سیرتِ طیبہ کے مختلف پہلوؤں پر تقاریر بھی کیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل طاہرہ یاسمین اور وائس پرنسپل شمیم اختر نے سیرتِ طیبہ ﷺ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہمیں نبی کریم ﷺ کی محبت اور آپ ﷺ کی ولادتِ باسعادت کی خوشی کے اظہار کو صرف میلاد منانے یا جلوس نکالنے تک محدود نہیں رکھنا چاہیے، بلکہ آپ ﷺ کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پانچ وقت کی نماز کی پابندی، قرآنِ پاک کی باقاعدہ تلاوت اور اس کی تعلیمات پر عمل ہی کامیابی کا حقیقی راستہ ہے۔ طلبہ و طالبات کو تلقین کی گئی کہ وہ اپنی روزمرہ زندگی میں نبی کریم ﷺ کے اسوہ حسنہ کو اپنانے کی کوشش کریں۔
اساتذہ نے طالبات کے لیے حجاب و پردے کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ معاشرتی اصلاح، انصاف کی فراہمی اور خواتین کے احترام و تحفظ کو یقینی بنانا موجودہ دور کی اہم ضرورت ہے۔
تقریب کے اختتام پر نبی کریم ﷺ کی سیرتِ طیبہ پر عمل کرنے، قرآن و سنت سے وابستگی مضبوط بنانے اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔



