جہلم: محکمہ جنگلات جہلم نے جنگلات کے موثر تحفظ اور فیلڈ آپریشنز کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پروٹیکشن فورس کو نئے ماڈل کی موٹر سائیکلیں اور حفاظتی کٹس فراہم کر دی ہیں۔
یہ جدید سہولیات دورانِ ڈیوٹی جنگلات کی نگرانی، غیر قانونی کٹائی کی روک تھام، لکڑی چوری کے سدباب اور جنگلات میں لگنے والی آگ پر بروقت قابو پانے میں معاون ثابت ہوں گی۔
اس حوالے سے منعقدہ تقریب میں پوٹھوہار ریجن کے کنزرویٹر عامر شاہ اور ڈپٹی کنزرویٹر محمد نعمان ارشد نے محکمہ جنگلات کے ملازمین میں موٹر سائیکلوں کی چابیاں تقسیم کیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے افسران کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب جنگلات کے تحفظ اور محکمہ جنگلات کی استعداد کار میں اضافے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ قدرتی وسائل کو محفوظ بنایا جا سکے۔
موٹر سائیکلیں اور حفاظتی سامان حاصل کرنے والے ملازمین نے وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نئی بائیکس اور حفاظتی کٹس کی فراہمی سے نہ صرف ان کی مشکلات میں کمی آئے گی بلکہ دور دراز علاقوں تک بروقت رسائی ممکن ہونے سے جنگلات کے تحفظ کو مزید مؤثر انداز میں یقینی بنایا جا سکے گا۔
