سوہاوہ: پدھری سے تتروٹ’ ککرالہ سڑک کی تعمیر پر ناقص میٹریل کےاستعمال کاانکشاف

سوہاوہ: پدھری سے تتروٹ ککرالہ سڑک کی تعمیر پر ناقص میٹریل کےاستعمال کاانکشاف ہوا ہے، سڑک کارپٹ ہونے کے کچھ دن بعد جگہ جگہ سے کنکریٹ اکھڑنے لگی لیکن تارکول کاچھڑکاؤ کرکےمٹی ڈال دی گئی۔
یہ سڑک جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے علاقے ڈومیلی میں ککرالہ چوک سے براستہ تتروٹ پدھری تک تعمیر کی جا رہی ہے۔ اس منصوبے کا سنگ بنیاد سابق ایم پی اے راجہ یاور کمال نے پچھلی حکومت کے دور میں رکھا تھا تاہم الیکشن کے باعث کام التواء کا شکار ہو گیا۔ نئی حکومت کے قیام کے بعد بھی فنڈز کی فراہمی تاخیر کا شکار رہی اور حالیہ دنوں میں جاری کردہ فنڈز کے بعد سڑک کی دوبارہ تعمیر شروع کی گئی۔
سڑک کا کچھ حصہ کارپٹ کیا جا چکا ہے جبکہ باقی حصوں پر کام جاری ہے۔ تاہم جو حصہ حالیہ دنوں میں مکمل ہوا، وہ ناقص مواد کے استعمال کی وجہ سے جلد ہی خراب ہونا شروع ہو گیا۔ سڑک سے متعدد جگہ کنکریٹ اکھڑ رہی ہے اور جگہ جگہ مٹی اور تارکول ڈال کر مسئلے کو وقتی طور پر چھپانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
سوشل میڈیا پر عوامی شکایات کے بعد انتظامیہ نے موقع کا دورہ کیا اور کام کا جائزہ لیا۔ تاہم کام کرنے والے مزدوروں نے دعویٰ کیا کہ سردی کی شدت کی وجہ سے مواد کا معیار متاثر ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میٹرل کو سڑک پر بچھانے کے دوران ٹھنڈک کی وجہ سے "تارکول” کی ہیٹ ختم ہو جاتی تھی جس سے سڑک جلد خراب ہو گئی۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ جہاں اچھی معیار کی تارکول استعمال کی گئی وہاں سڑک ٹھیک حالت میں ہے۔ ماضی میں تعمیر ہونے والے بڑاگواہ والے علاقے کی سڑک سردی کے باوجود بہتر معیار کی بنی تھی اور آج بھی محفوظ ہے۔
عوام نے ایم این اے چوہدری فرخ الطاف، ڈپٹی کمشنر جہلم، اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ اور ایکسیئن ہائی وے سے مطالبہ کیا ہے کہ موقع پر دورہ کرکے ناقص تعمیراتی کام کا جائزہ لیا جائے، ٹھیکیدار کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور سڑک کی دوبارہ تعمیر میں معیاری مواد کا استعمال یقینی بنایا جائے۔



