پنڈدادنخان ماڈل بازار میں بجلی کی ڈی پی دھماکے سے پھٹ گئی، بجلی معطل، تاجروں پریشان

پنڈدادنخان کے بیوٹیفکیشن ماڈل بازار میں نصب بجلی کی ڈسٹری بیوشن پوائنٹ (ڈی پی) میں اچانک زور دار دھماکہ ہونے سے بازار کی بجلی معطل ہو گئی، جبکہ دھماکے کی شدت سے قریب نصب ٹف ٹائلیں بھی اکھڑ گئیں، جس کے باعث ایک بڑے حادثے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔

صدر مرکزی انجمن تاجران چوہدری زبیر جمیل نے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس خطرناک صورتحال کی متعدد بار متعلقہ اداروں کو نشاندہی کی گئی، مگر ذمہ دار حکام نے مسلسل غفلت کا مظاہرہ کیا۔

ان کے مطابق ڈی پی کا ارتھنگ سسٹم درست انداز میں نصب نہیں کیا گیا، جس کے باعث اس سے قبل بھی ایک بچے کو اسی ڈی پی سے کرنٹ لگنے کا واقعہ پیش آ چکا ہے، جبکہ اب دھماکے اور آتشزدگی جیسے سنگین واقعے نے حفاظتی انتظامات پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس معاملے پر اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان عائشہ شفقت کو باقاعدہ تحریری درخواست بھی دی گئی تھی، جس میں برسات کے موسم کے پیش نظر ناقص تنصیب سے کسی بھی وقت بڑے جانی نقصان کے خدشے سے آگاہ کیا گیا تھا، تاہم ان کے بقول اس حوالے سے مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے۔

چوہدری زبیر جمیل نے سوال اٹھایا کہ اگر خدانخواستہ اس واقعے میں کوئی جانی نقصان ہو جاتا تو اس کی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی؟ انہوں نے کہا کہ متعلقہ اداروں کو کسی بڑے سانحے کا انتظار کرنے کے بجائے فوری اور مؤثر اقدامات کرنے چاہییں۔

تاجروں اور شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ماڈل بازار میں نصب متاثرہ ڈی پی کو فوری طور پر محفوظ اور معیاری طریقے سے دوبارہ نصب کیا جائے، ناقص کام کے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے، جبکہ پورے ماڈل بازار کے برقی نظام کا ہنگامی بنیادوں پر تکنیکی معائنہ کرایا جائے تاکہ مستقبل میں کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔

واضح رہے کہ مذکورہ الزامات اور مطالبات تاجروں کی جانب سے سامنے آئے ہیں۔ متعلقہ اداروں کا مؤقف سامنے آنے پر اسے بھی خبر کا حصہ بنایا جائے گا۔

Exit mobile version