پنڈدادنخان میں شوہر کے مبینہ تشدد سے بیوی جاں بحق ہو گئی، پولیس نے شوہر کو حراست میں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے علاقے نواں لوک پنن وال میں گھریلو جھگڑے کے نتیجے میں شوہر کے مبینہ تشدد سے بیوی جاں بحق ہو گئی۔
پولیس کے مطابق مقتولہ فرزانہ بی بی کی لاش کو پوسٹمارٹم کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پنڈدادنخان منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ شوہر غلام مرتضیٰ کو حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقتولہ کے جسم پر تشدد کے واضح نشانات موجود ہیں، جن میں نیلے رنگ کے نشانات نمایاں ہیں۔ مقتولہ بچوں کا کہنا ہے کہ ان کی والدہ کو پہلے تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور بعدازاں گلا دبا کر قتل کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اصل حقائق پوسٹمارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی سامنے آئیں گے، تاہم واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔
